دبئی// ہیڈنگلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے رشبھ پنت ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پنت نے اس ٹیسٹ میں 134 اور 118 رنز کی اننگز کھیلی تھیں، جس سے رینکنگ میں انہیں ایک درجے کا فائدہ ہوا۔ تاہم یہ ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ نہیں ہے۔ انہوں نے 2022 میں ٹیسٹ رینکنگ میں پانچواں مقام حاصل کیا تھا۔
پنت کے اب کل 801 رینکنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کا بہترین رینکنگ پوائنٹ ہے۔ تاہم وہ اب بھی نمبر ون ٹیسٹ بلے باز جو روٹ سے 88 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ روٹ نے ہیڈنگلے میں پہلی اننگز میں 28 اور دوسری اننگز میں ناٹ آوٹ 53 رنز بنائے تھے۔ پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے سلامی بلے باز ڈکٹ اپنے کیریئر کے بہترین 787 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں مقام پر برقرار ہیں۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر تین درجوں کی چھلانگ لگائی اور وہ اب ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔ ہیڈ نے پہلی اننگز میں 59 اور دوسری اننگز میں 61 رنز بنا کر آسٹریلیا کو فتح دلائی تھی۔
ہیڈنگلے میں پانچ وکٹیں لے کر جیسپریت بمراہ بولرز کی رینکنگ میں نمبر ون پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے بارباڈوس ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 43 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے پہلی اننگز میں 60 رنز دے کر 5 وکٹیں کی تھیں۔ وہ ایک درجہ کے فائدے کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں رویندر جڈیجہ سرفہرست ہیں۔ وہیں جنوبی افریقہ کے ویان ملڈر اور کوربن بوش نے زمبابوے کے خلاف بلاوایو ٹیسٹ میں گیند اور بیٹ دونوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آل راؤنڈرز کی رینکنگ کے ٹاپ 20 میں جگہ بنا لی ہے۔