جموں//
جموں کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے قریب فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے مشترکہ کارروائی کے دوران دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک پاکستانی گائیڈ کو گرفتار کر لیا ہے ، جس پر مشتبہ دراندازوں کی مدد کا الزام ہے ۔
ذرائع نے پیر کو بتایا کہ راجوری کے کیری سیکٹر میں واقع ترکنڈی علاقے میں تعینات چوکس دستوں نے اتوار کی شب مشکوک نقل و حرکت محسوس کی، مستعد اہلکاروں نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا کر ایک پاکستانی گائیڈ کو دھر دبوچا۔
ذرائع کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شخص دراندازی میں ملوث عناصر کی رہنمائی کر رہا تھا اور انہیں سرحد عبور کرانے کی کوشش کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم سے سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ اس کے روابط اور کسی بھی ممکنہ دہشت گرد تنظیم سے تعلقات کا پتہ چلایا جا سکے ۔
ذرائع کے مطابق محمد عارف، جو پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے ڈاٹوٹ گاؤں کا رہائشی ہے ، ایل او سی کے جغرافیہ سے بخوبی واقف ہے اور پاکستانی فوج کے اشارے پر بھارت میں دراندازی کی کوششوں میں مصروف تھا۔ گرفتار شخص کے قبضے سے ایک موبائل فون اور ۲۰ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ہیں۔
گرفتار گائیڈ سے تفصیلی تفتیش جاری ہے اور حکام کا ماننا ہے کہ اس سے اہم انٹیلی جنس معلومات حاصل ہوں گی، جو انسداد دراندازی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد فراہم کریں گی۔
لائن آف کنٹرول کے اس حساس علاقے میں فوج کی نگرانی سخت ہے اور حالیہ دنوں میں پاکستانی سرزمین سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے ۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے چوکس ہیں اور کسی بھی ناپاک کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔