سرینگر///
دہلی سے سرینگر آنے والی ایک پرواز میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب شدید ژالہ باری کے باعث طیارے کو بدھ کی شام سرینگر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
طیارے میں کل۲۲۷مسافر سوار تھے ۔
ذرائع کے مطابق، طیارہ جیسے ہی وادی کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو اسے خراب موسم اور ژالہ باری کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سرینگر کو ایمرجنسی سگنل دیا۔ خوش قسمتی سے ، طیارہ شام۶بجکر ۳۰منٹ پر بخیروعافیت لینڈ کر گیا۔
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔
ایئرلائن نے اس پرواز کو’اے او جی‘یعنی ’ائر کرافٹ آن گراؤنڈ‘ قرار دے کر طیارے کا تکنیکی معائنہ شروع کر دیا ہے ۔
ایئرپورٹ پر موجود طبی اور ریسکیو ٹیمیں پہلے سے الرٹ تھیں، جنہوں نے لینڈنگ کے بعد فوری طور پر تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے ٹرمنل منتقل کیا۔ مسافروں نے پائلٹ کی حاضر دماغی اور عملے کے پیشہ ورانہ ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔