مارے گئے افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں دینے کا اعلان ‘ باز آباد کاری میں ہر ممکنہ مدد کی یقین دہانی
جموں//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز پاکستان کی سرحد سے متصل پونچھ ضلع میں حالیہ گولہ باری کے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مکمل بحالی کا وعدہ کیا۔
متاثرہ خاندانوں سے بات کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ جانوں کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے ، تاہم حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ مالی امداد فراہم کی گئی ہے اور زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا رہا ہے ۔
ایل جی نے کہا’’‘اگرچہ کسی بھی معاوضے سے انسانی جان کا نعم البدل ممکن نہیں، مگر ہم نے اپنی جانب سے ہر ممکن امداد فراہم کی ہے ۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے ۔ ہم نے ان علاقوں میں بنکر اور دیگر حفاظتی ڈھانچے کی ضرورت کا جائزہ بھی لیا ہے ، جس پر سیکیورٹی فنڈز کے تحت ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا‘‘۔
سنہانے مزید کہا کہ کئی گھروں اور دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اور انتظامیہ ایک جامع بحالی منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔
پہلگام حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ، ایل جی منوج سنہا نے بھارتی فوج کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا’’پاکستان کی حالیہ اشتعال انگیزی، جیسا کہ پہلگام حملے میں دیکھنے کو ملی، کا بھرپور جواب دیا گیا۔ بھارتی فوج نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی عسکری مرکز ہماری پہنچ سے باہر نہیں۔ حملے کے صرف تین دن بعد ہی پاکستان نے بین الاقوامی مداخلت کی فریاد شروع کر دی تھی‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ بھارت امن کا حامی ملک ہے ، لیکن اگر دوبارہ اشتعال انگیزی کی گئی تو جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں مشترکہ طور پر متاثرین کی بحالی میں سرگرم ہیں، اور گولہ باری میں جان گنوانے والے افراد کے لواحقین کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔
ایل جی نے کہا’’‘میں پاکستان کی شیلنگ میں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ کئی لوگ زخمی ہوئے ، جن کا فوری علاج حکومت نے کروایا۔ ہم نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو باعزت زندگی کی جانب لوٹانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی‘‘۔
ایل جی سنہا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا’’پاکستان کی طرف سے کی گئی شیلنگ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ انفرادی اور اجتماعی بنکرز بڑی تعداد میں تعمیر کئے جائیں گے ، اور پونچھ اسپتال کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جائے گا‘‘۔
اس سے قبل، ایل جی سنہا نے پونچھ بریگیڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارتی فوج اور بی ایس ایف کے جوانوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے پاکستان میں نو دہشت گردی کے مراکز کو تباہ کیا۔ صرف تین دن میں دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا اور عالمی برادری کی طرف دوڑ پڑا۔ پوری قوم کو آپ کی بہادری پر فخر ہے ۔