جموں/19مئی
جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے سرحدی علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔
دفاعی ذرائع کے مطابق، ضلع پونچھ کے جنگلاتی علاقے میں بھی تلاشی آپریشن جاری ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی رات نوشہرہ علاقے میں ایک خاتون نے تین مشتبہ افراد کو دیکھنے کی اطلاع دی، جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے حرکت میں آ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تلاشی مہم میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ سرچ آپریشن حساس علاقوں میں جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی یا دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے ۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں گشت اور نگرانی کو مزید سخت کر رہی ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو بھی چوکنا رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔