نئی دہلی/17 مئی
(یو این آئی) مختلف پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی قیادت میں سات کل جماعتی وفود مختلف ممالک کا دورہ کرکے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف (زیرو ٹالرینس) کا پیغام پہنچائیں گے ۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔
ان سات وفود کی قیادت ششی تھرور، کانگریس، روی شنکر پرساد، بی جے پی، سنجے کمار جھا، جے ڈی یو، بیجینت پانڈا، بی جے پی، کنیموزی کروناندھی، ڈی ایم کے ، سپریا سولے ، این سی پی اور شری کانت ایکناتھ شندے ، شیو سینا کرنے جارہے ہیں۔
کرن رجیجو نے کہا کہ آپریشن سندور اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کے تناظر میں، سات کل جماعتی وفود اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک سمیت اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا”سب سے نازک اوقات میں، ہندوستان متحد ہے ۔ سات کل جماعتی وفود جلد ہی اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کریں گے ، جو دہشت گردی کے خلاف ہمارے موقف کا پیغام پہنچائیں گے ۔ یہ سیاست سے پرے ، اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد کی مضبوط عکاسی ہے “۔
ہر وفد میں مختلف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ، اہم سیاسی شخصیات اور نامور سفارت کار شامل ہوں گے ۔
کل جماعتی وفد دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کے قومی اتفاق اور پختہ نقطہ نظر کو ظاہر کرے گا۔ وہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا ملک کا مضبوط پیغام پہنچائیں گے ۔