سرینگر//
فوجی سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور ’آپریشن سندور‘کے دوران جوانوں کے رول کو سراہا۔
جنرل دویدی نے ’آپریشن سندور‘کے دوران لائن آف کنٹرول پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے فوجی جوانوں کی سراہنا کی۔
فوجی سربراہ نے جوانوں سے فیصلہ کن قوت کے ساتھ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کو کہا۔
فوج کی ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن ( اے ڈی جی پی آئی) نے جمعرات کو اپنے ’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا’’جنرل اوپیندر دویدی، سی او اے ایس، نے ڈگر ڈویژن کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور تمام رینکز کے ساتھ بات چیت کی‘‘۔
انہوں نے کہا’’فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دویدی نے آپریشن سندور کے دوران لائن آف کنٹرول پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے ان کی بہادری، جوش اور چوکس اقدامات کو سراہا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’فوجی سربراہ نے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے کیمپوں کو تباہ کرنے میں فوجی جوانوں کے کردار کی تعریف کی‘‘۔انہوں نے کہا’’آرمی چیف نے نے پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کا نشانہ بننے والے شہریوں کو مدد فراہم کرنے میں ڈگر ڈویژن کے کردار کو سراہا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’انہوں نے فوجی جوانوں کو کسی بھی چیلنج کا فیصلہ کن قوت سے جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘‘