نئی دہلی///
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے بی سی سی آئی نے آئی پی ایل-2025 کو ایک ہفتہ کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اب جب دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا ہے تو آئی پی ایل کو پھر سے بحال کیا جا سکتا ہے۔ ایسے میں ممکنہ تاریخ سامنے آ رہی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے کے آخر یعنی 16-15 مئی تک آئی پی ایل پھر سے شروع ہو سکتا ہے۔ بی سی سی آئی جلد ہی نئے شیڈیول کا اعلان کرنے والا ہے۔ آئی پی ایل-2025 میں ابھی تک 57 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ پنجاب کنگس اور دہلی کیپٹلس کے میچ سے ہی اس ٹورنامنٹ کو معطل کر دیا گیا تھا۔ اس میچ سے ہی آئی پی ایل دوبارہ شروع ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ’’ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) تفصیل اور باقی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک میٹنگ کر رہا ہے، اور یہ یقینی طور سے سمجھا جاتا ہے کہ دھرمشالہ کو چھوڑ کر پورے ہندوستان میں میچ ہوں گے‘‘۔
بتایا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کو ہندوستان چھوڑنے والے زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں کو جلد سے جلد اپنی اپنی ٹیموں میں شامل ہونے کے لیے کہا جائے گا۔
آئی پی ایل کے موجودہ 2025 کے ایڈیشن میں 10 ٹیموں کے لیے 60 سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔ اب تک کل 57 میچ کھیلے جا چکے ہیں اور باقی میچ بھی طے وقت میں پورے ہو جانے کا امکان ہے۔ بی سی سی آئی آنے والے دنوں میں نیا شیڈیول جاری کرے گا۔
آئی پی ایل-2025 معطل ہونے سے پہلے پوائنٹس ٹیبل میں شبھمن گل کی قیادت والی گجرات ٹائٹنس ٹاپ پر بنی ہوئی تھی۔ وہیں ان کے علاوہ ٹاپ-4 میں رائل چیلنجرس بنگلورو، پنجاب کنگس اور ممبئی انڈینس ہیں۔ چوتھے پائیدان کے لیے ممبئی انڈینس اور دہلی کیپٹلس کے درمیان جدوجہد دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ وہیں ٹاپ-3 ٹیمیں پلے آف کے بے حد نزدیک ہیں۔