نئی دہلی//زراعت، کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے ہفتہ کو گجرات، راجستھان، پنجاب اور جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع میں کسانوں کی کاشتکاری کی صورت حال اور ان کے لیے دستیاب کھاد، بیج اور دیگر وسائل کا جائزہ لیا۔
جائزہ میٹنگ میں مرکزی وزیر نے ان اضلاع کے کسانوں کے زراعت سے متعلق کاموں کے مناسب انتظامات کے سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔
جائزہ میٹنگ میں مرکزی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے بہت سے کسان بھائیوں کو ان کی کاشتکاری سے دور رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقے میں ہر ریاست کے کسانوں کی کھیتی کی دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خریف کی فصل کے لیے کسانوں کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان، گجرات، ہماچل پردیش اور ہریانہ جیسی ریاستوں کے سرحدی علاقوں میں کاشت اور بیجوں کی دستیابی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر سرحدی علاقوں میں کل زمین، متاثرہ کسانوں، فصلوں اور سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پیٹرو کیمیکل پر مبنی ان پٹ جیسے یوریا، ڈی اے پی، این پی کے اور ڈیزل کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ضروری اشیاء کے بفر سٹاک کی دستیابی اور اٹھائے گئے دیگر مسائل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں متعلقہ ریاستوں کے وزراء اور وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کی جائے گی۔