نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ سے زمینی سطح پر محکمہ پولیس کی کارکردگی اور ذمہ داری میں اضافہ ہوگا۔
مسٹر شاہ نے پیر کو یہاں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے ساتھ قومی دارالحکومت میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ پر ایک جائزہ میٹنگ کی۔ اجلاس میں پولیس، جیل، عدالتوں، پراسیکیوشن اور فرانزک سے متعلق مختلف نئی دفعات کے نفاذ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت داخلہ اور دہلی حکومت کے سینئر افسران بشمول مرکزی داخلہ سکریٹری، دہلی کے چیف سکریٹری، دہلی پولیس کمشنر، پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے ڈائریکٹر میٹنگ میں موجود تھے ۔
مسٹر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ سے زمینی سطح پر محکمہ پولیس کی کارکردگی اور ذمہ داری میں اضافہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے نئے فوجداری قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے افسران کی ذمہ داریاں طے کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ 60 اور 90 دنوں کے اندر چارج شیٹ داخل کرنے کے عمل کی مکمل اور مسلسل نگرانی کی جانی چاہئے اور اس وقت کی حد پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گھناؤنے جرائم کے مقدمات میں سزا کی موجودہ شرح کو کم از کم 20 فیصد تک بڑھانے کی کوشش کی جانی چاہیے ۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ای سمن براہ راست عدالت سے بھیجے جائیں اور اس کی ایک کاپی مقامی پولیس اسٹیشن تک بھی پہنچ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈائریکٹوریٹ میں تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے اور کسی بھی صورت میں اپیل کا فیصلہ پراسیکیوشن ڈائریکٹوریٹ ہی کرے ۔