سرینگر//
آنگن واڑی وکرس اور ہلپرس نے ہفتے کے روز یہاں شیر کشمیر پارک سری نگر میں جمع ہو کر اپنے مطالبات خاص کر ماہانہ مشاہرے میں اضافے کے تعلق سے احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ورکرس ’نہ ڈرنے والی آنگن واڑی‘، ’کام کرنے والی آنگن واڑی‘جیسے نعرے لگارہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سے انتہائی حقیر مشاہرے پر کافی کام لیا جاتا ہے ۔
اس موقع پر آنگن واڑی ورکروں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔
ورکروں نے کہاکہ ہماری ماہانہ تنخواہ انتہائی کم ہے ، جس طرح ملک کی باقی ریاستوں میں آنگن واڑی ورکروں کی تنخواہ بڑھا دی گئی اسی طرح ہماری تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاجانا چاہئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں۔
ایک اور احتجاجی ورکر نے کہاکہ ہمارے کام کا بوجھ کافی بڑھ گیا لیکن ہمارے ماہنہ مشاہرے میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو ہم ہر روز سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہیں۔
ورکروں نے مزید بتایا کہ ہمارے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ اور ہماری نوکریوں کی مستقلی کیلئے اقدامات ہونے چاہئے ۔