سرینگر،15مارچ
کشمیر کے میدانی علاقوں سمیت کئی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ وادی کے دیگر حصوں میں ہفتہ کے روز ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ اننت ناگ، کولگام، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے میدانی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام سیاحتی مقامات پر بھی برفباری ریکارڈ کی گئی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بانڈی پورہ ضلع کے گریز ، کپواڑہ کے کچھ علاقوں اور وادی کے اونچے علاقوں میں بھی برفباری ہوئی جو آخری اطلاعات آنے تک جاری رہی۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے بیشتر دیگر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح تک کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوپہر کے وقت موسم میں بہتری کا امکان ہے۔
ادھر رام بن ضلع کے بالائی علاقوں بشمول جواہر ٹنل ٹاپ، مہو منگیت وادی اور پیرپنجال پہاڑی سلسلے میں تازہ برفباری دیکھی گئی۔
رام بن بانہال سیکٹر میں میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ جموں سرینگر قومی شاہراہ آج دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے کھلی رہی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے دونوں اطراف سے مسافر گاڑیاں چل رہی ہیں جبکہ سرینگر سے جموں کی طرف ہیوی موٹر وہیکل (ایچ ایم وی) کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
پولیس نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ لین ڈسپلن پر عمل کریں اور اوور ٹیک کرنے سے گریز کریں۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کے وقت ہائی وے پر سفر کریں اور راستے پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھراو¿ کے خطرے کے پیش نظر رام بن اور بانیہال کے درمیان غیر ضروری رکنے سے گریز کریں۔
جمعہ کے روز ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ اگلے کچھ دنوں تک این ایچ 44 پر اونچی جگہوں پر برفباری اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور لوگوں کو ٹی سی یو سے پیشگی تصدیق کے بغیر پہاڑی سڑکوں اور این ایچ 44 پر سفر کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
ٹریفک پولیس نے یہ بھی کہا کہ مناسب موسم اور بہتر سڑک کی صورتحال کے پیش نظر جموں سرینگر این ایچ ڈبلیو کے دونوں اطراف سے ہلکی موٹر گاڑیوں (ایل ایم وی) کو اجازت دی جائے گی، جبکہ سڑک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد نویوگ ٹنل (قاضی گنڈ کی طرف) سے جموں کی طرف ایچ ایم وی کو اجازت دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے خصوصی طور پر سیکورٹی فورسز سے کہا کہ وہ جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان تنگ راستے کی وجہ سے ممکنہ ٹریفک جام کا حوالہ دیتے ہوئے ایڈوائزری کے خلاف نہ چلیں۔
جمعہ کے روز این ایچ 44 پر ایچ ایم وی کے خراب ہونے، دلواس، مہڈ میں سنگل لین ٹریفک اور چار لین کے تعمیراتی کام کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت سست رہی۔
دریں اثنا سرینگر،سونمرگ،گماری (ایس ایس جی) روڈ، بھدرواہ،چمبا روڈ، مغل روڈ اور سنتھان روڈ آج بھی ٹریفک کےلئے بند رہے۔