سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،جموں قومی شاہراہ پر برستی بارشوں کے با وجود ٹریفک کی دوطرفہ نقل وحمل جاری ہے تاہم بڑی گاڑیوں کو آج یعنی جمعرات کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت ہے ۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، لیہہ شاہراہ ۲۰فروری جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل پر گذشتہ زائد از دو ماہ سے ٹریفک مسلسل بند ہے ۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ بارشوں کے باوجود سرینگر،جموں قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دوطرفہ آمد و رفت جاری ہے تاہم آج بڑی گاڑیوں کو سری نگر سے جموں جانے کی اجازت ہے ۔
انہوں نے مسافروں سے لین ڈسلپن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔
حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں نیز چٹانیں کھسک آنے کے خدشات کے پیش نظر رام بن اور بانہال کے درمیان غیر ضروری قیام کرنے سے پرہیز کریں۔
وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر ، لیہہ شاہراہ بھی ۲۰فروری سے مسلسل بند ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ ۲ماہ سے ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ سنتھن روڈ اور چمبا بھدرواہ روڈ بھی مسلسل بند ہیں۔
اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق سرینگر سمیت وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گذشتہ چار دنوں سے رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کچھ پہاڑی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں رواں ہفتے کے اختتام تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے ۔
دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۶ء۱۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ سر حدی ضلع کپوارہ میں اس دوران۱ء۹ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۶ء۵ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں اس دوران۸ء۵ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
موسمیات محکمے کے مطابق وادی میں خراب موسمی صورتحال کا سلسلہ۱۶مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ۱۳؍اور۱۴مارچ کو وادی میں کئی مقامات پر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جبکہ۱۵؍اور۱۶مارچ کو بھی کئی مقامات پر رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۷سے۲۱مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کو کہا ہے جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ۱۰سے۱۸ مارچ تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھنے کی صلاح دی ہے ۔
علاوہ ازیں لوگوں سے ان علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں، میں جانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے ۔
ادھر وادی کے کئی مقامات پر شبانہ درجہ حرارت۲سے۳ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۳ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کو کرناگ میں شبانہ درجہ حرارت۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔