پاکستان مشکل میں ہے!… یقینا ہم آپ کو کوئی بریکنگ نیوز نہیں دے رہے ہیں اور… اور اس لئے نہیں دے رہے ہیں کیونکہ ہمسایہ ملک کب مشکل میں نہ تھا… اس کے قیام سے آج تک یہ مشکل سے ہی کبھی مشکل سے نکلا …شاید کبھی نہیں نکلا … اور اس لئے نہیں نکلا کیونکہ اس کی مشکلیں خود کی پیدا کردہ ہیں… یہ دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو غلط ترجیحات اور غلط پالیسیوں اور غلطیوں سے خود کیلئے مشکلات پیدا کرنے میں مہارت رکھتا ہے… ایسی مہارت جو کسی اور ملک کے پاس نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ اعداد و شمار …تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں گزشتہ ایک سال میں ۴۰ فیصد اضافہ ہوا ہے… ویسے یہ بھی حقیقت ہے کہ اس ملک میں دہشت گردی کم ہی کب ہو ئی تھی جو اس میں اضافے کی بات کی جا رہی ہے… آئے دن پاکستان میں کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے… کسی پکٹ ‘ کسی کیمپ ‘فوجی تنصیبات پر حملہ ہوتا ہی ہے… اور اس وقت بھی بلوچستان میں دہشت گردوں نے ایک ٹرین کو ہی ہائی جیک کیا ہوا ہے‘ جس میں کم و بیش ۵۰۰ مسافر سوار ہیں… تو سوال یہ ہے کہ آخر پاکستان میں دہشت گردی ختم کیوں نہیں ہو تی ہے… اس ملک کی مشکلیں اگر ختم تو نہ سہی لیکن کم کیوں نہیں ہو رہی ہیں تو… تو صاحب اس کا ایک آسان سا جواب ہے کہ اس ملک میں سو میں سے ایک سو ایک دہشت گردی کے واقعات افغانستان سے ہو رہے ہیں… افغانستان میں موجود دہشت گرد اور ان کے آقا پاکستان میں دہشت گردی کرا رہے ہیں اور… اور پاکستان ہے کہ ہندوستان سے روٹھا بیٹھا ہے… پاکستانی ہیں جو ہندوستان کو اپنا دشمن سمجھ بیٹھے ہیں… پاکستان کی فوج ہے جو ہندوستان کو ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتی آئی ہے… جبکہ حقائق… زمینی حقائق اگر کسی طرف اشارہ کررہے ہیں تو… تو اس طرف اشارہ کررہے ہیں کہ پاکستان کو ہندوستان سے نہیں بلکہ افغانستان سے خطرہ ہے اور… اور اس لئے ہے کیونکہ پاکستان کی املاک ‘ پاکستان کی سول اور فوجی تنصیبات اور شہریوں پر ہندوستان نہیں بلکہ افغانستان میں موجود دہشت گرد حملہ کررہے ہیں لیکن… لیکن یہ ایک بات ‘ یہ ایک حقیقت ہمسایہ ملک کو نظر نہیں آ رہی ہے اور… اور اس لئے نہیں آ رہی ہے کیونکہ وہ حل نہیں بلکہ خود کیلئے مشکلیں پیدا کرنے میں یقین رکھتا ہے ۔ ہے نا؟