سرینگر/۳مارچ
جموںکشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے نیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ پارٹی اب یہ ظاہر کرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کر رہی ہے کہ ان کا دفعہ 370 سے کوئی تعلق ہے ۔
لون نے کہا”کیا زوال ہے ، اگر یہ خطاب حکومت کا ویژن سٹیٹمنٹ ہے تو یہ بے بصیرت ہے “۔
پیپلز کانفرنس کے صدرنے ان باتوں کا اظہار پیر کو ’ایکس‘پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں کیا۔
لون نے کہا”گورنر کا خطاب بی جے پی، اگر وہ اقتدار میں ہوتے ، کی ممکنہ تقریر سے الگ نہیں ہے ، ایسا لگتا ہے کہ مکمل نظریاتی اوورلیپ ہے“۔
پی سی سربراہ کا کہنا ہے”دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کا کوئی ذکر نہیں، 5 اگست 2019 کا کوئی ذکر نہیں، تنظیم نو کے قانون کا کوئی ذکر نہیں“۔
نیشنل کانفرنس پر دکھاوے کا الزام لگاتے ہوئے لون کا پوسٹ میں کہنا تھا”ایسا لگتا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے اب دکھاوا کرنا بھی چھوڑ دیا ہے وہ اب یہ بھی ظاہر نہیں کرنا چاہتے ہیں کہ ان کو دفعہ 370 سے دور کا بھی کوئی واسطہ ہے “۔
لون نے کہا”مجھے یاد ہے کہ انتخابی مہم کے دوران سب کچھ دفعہ 370 پر ہی مرکوز تھا اور باقی سب کو بی جے پی کے ساتھ جوڑا جاتا تھا لیکن اب یہ نظریاتی ہم آہنگی مکمل ہوچکی ہے “۔
ان کا کہنا تھا”کیا زوال ہے ، اگر یہ خطاب حکومت کا ویژن سٹیٹمنٹ تھا تو یہ بے بصیرت تھا، یہ صرف ایک سرکاری محکمے کا عمومی بیان ہے جو کسی بھی نئے سیاسی، سماجی اور معاشی پہل سے عاری ہے “۔
پی سی صدر نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا”لہٰذا ایک بے مقصد، بے بصیرت حکمرانی کےلئے تیار رہیں جو اپروچ میں کسی بھی نئے پن یا کسی تخلیقی صلاحیت سے عاری ہوگی“۔
لون نے کہا”بیوروکریسی نے گذشتہ حکومت بھی چلائی اور وہی اس انتطامیہ کو بھی چلائیں گے ،حکمرانی میں سیاسی شراکت بالکل موجود نہیں ہوگی۔“