سرینگر//
سرینگر کے معروف بلیوارڈ روڈ پر گھاٹ نمبر ۱۷کے قریب ڈل جھیل کے ساتھ واک وے کا ایک حصہ ڈھہ گیا جس سے حال ہی میں نصب کئے گئے ٹائلوں اور نیچے کی مٹی کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔
اس واقعے سے جھیل کے کنارے کے بنیادی ڈھانچے کی پائیداری کے بارے میں لوگوں میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں لوگوں بلاخصوص سیاحوں کا سال بھر رش رہتا ہے ۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے جائے موقع کا دورہ کیا اور کہا کہ اس معاملے کو وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور جو اس کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
صادق نے کہا’’سمارٹ سٹی کو ایک سال بھی نہیں ہوا کہ ایسا واقعہ پیش آیا، میں وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ساتھ رابطے میں ہوں اور متعلقہ افسروں کے ساتھ بھی بات ہوئی ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پر شام سے کام شروع کیا جائے گا۔رکن اسمبلی نے کہا’’افسروں نے یقین دہانی کی کہ شام سے ہی اس پر کام شروع کیا جائے گا اور ہم دیکھیں گے کہ اگر کہیں کوتاہی ہوئی ہے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
صادق نے کہا کہ سمارٹ سٹی میں یہ چیزیں نہیں ہونی چاہئے تھی شاید اوپر سے خوبصورت بنایا گیا ہے اور اندر یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کی تحقیقات کی جائے گی اور جس نے غلطی کی ہوگی اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
قبل ازیں انہوں نے اپنے ’ایکس‘ہینڈل پر اس واقعے کا ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا ہے ’’بلیوارڈ روڈ سری نگر کے گھاٹ نمبر۱۷کے قریب ایک نازک مسئلہ سامنے آیا ہے جہاں راستہ اور مٹی بہہ گئی ہے ‘‘۔صادق نے ضلع مجسٹریٹ سرینگر سے اس سلسلے میں فوری مداخلت کرنے کی تاکید کی ہے ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کٹاؤ نے واک وے کے ایک حصے کو غیر مستحکم اور غیر محفوظ کر دیا ہے جس سے پیدل چلنے والوں اور خوبصورت بلیوارڈ اسٹریچ پر آنے جانے والوں کے لیے خطرہ پیدا ہوا ہے ۔
لوگوں نے کہا کہ اگر متعلقہ محکمے نے اس کی طرف توجہ نہیں کی اور فوری اور ٹھوس اقدام نہیں کئے گئے تو اس سے نہ صرف مزید حصے کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ یہاں آنے جانے والے لوگوں کیلئے خطرے پیدا ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی بڈیاری چوک ڈل گیٹ کے قریب راستے کا ایک بڑا حصہ ڈھہ گیا تھا۔