جموں//
گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں حاملہ خاتون کی موت واقع ہوئی ہے ۔پرنسپل جی ایم سی نے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔
اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں دردزہ میں مبتلا خاتون کی درمیانی شب موت واقع ہونے کے بعد لواحقین نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے کہاکہ ڈاکٹروں کی غفلت کے نتیجے میں ہی خاتون جاں بحق ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں رات کے دوران سینئر ڈاکٹر موجود ہی نہیں تھے اور جب ہم نے اس بارے میں ہسپتال انتظامیہ سے رابط قائم کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سینئر ڈاکٹر جموں میں ہے ۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ غفلت اورلاپرواہی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوثین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
دریں اثنا گورنمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے دوران اگر غفلت برتنے کی تصدیق ہوئی تو ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔