سرینگر//
وادی کشمیر میں جاری طویل خشک موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے۱۹فروری کی شام سے۲۰فروری کی سہہ پہر تک برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۸فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک تازہ مغربی ہوا داخل ہونے کے نتیجے میں وادی میں۱۹فروری کی شام سے۲۰فروری شام تک ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس دوران زیادہ اثر جنوبی کشمیر اور چناب وادی میں رہ سکتا ہے جہاں پہاڑی علاقوں میں۶سے۱۰؍انچ برف ریکارڈ ہوسکتی ہے جبکہ شمالی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی۴سے۸؍انچ برف ریکارڈ ہونے کی توقع ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ۲۱سے۲۴فروری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
موسمیات ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں۲۵سے۲۷تک برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی توقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
کشمیر ویتھر کے مطابق دن کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت جو فی الحال۱۵ڈگری سینٹی گریڈ سے۱۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو رہا ہے۲۰فروری کو۷ڈگری سینٹی سے بھی نیچے ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔
ادھر وادی کے لوگ بالخصوص کسان برف و باراں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی کئی چشمے سوکھ گئے ہیں، وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال ان کیلئے انتہائی ضرر رساں ثابت ہوسکتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی۷۹فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی۸۴فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔










