نئی دہلی//
مرکزی حکومت نے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے سے تشدد کے واقعات سے نبرد آزما منی پور میں صدر راج نافذ کر دیا ہے ۔
مرکزی وزارت داخلہ نے جمعرات کو اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کا اعلان کیا۔
مرکز نے یہ قدم ریاست کے وزیر اعلی وریندر سنگھ کے گزشتہ ہفتے استعفیٰ دینے کے بعد اٹھایا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ قدم منی پور کے گورنر کی طرف سے صدرجمہوریہ کو بھیجی گئی رپورٹ کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے ۔ صدرجمہوریہ نے اس رپورٹ اور دیگر معلومات پر غور کرنے کے بعد آئین کے آرٹیکل۳۵۶کے ذریعے دیئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
صدر راج کے نفاذ کے بعد اسمبلی کے تمام اختیارات گورنر کے اختیار میں آ جائیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ تشدد کے واقعات کی وجہ سے منی پور میں ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے سے عدم استحکام کی صورتحال رہی۔ ریاست میں تشدد میں تقریباً۲۰۰؍افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔