جموں//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ شراب کے ساتھ ساتھ مرکزی زیر انتظام علاقے میں نشہ آور ادویات پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔
چودھری نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو پولیس کے اعلیٰ حکام سے پوچھنا چاہئے کہ جموں وکشمیر میں نشیلی ادویات کہاں سے آرہی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
چودھری نے کہاکہ جموں وکشمیر میں منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار دن بدن پروان چڑھتا جارہا ہے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شراب پر پابندی تو ٹھیک بات ہے لیکن جموں وکشمیر میں نشہ آور ادویات پر بھی پابندی ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر میں نشہ آور ادویات پر پابندی عائد کرنے سے ہی یہاں کے نوجوانوں کو اس سے پرے رکھا جاسکتا ہے ۔
چودھری نے کہا’’لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو پولیس کے اعلیٰ حکام سے پوچھنا چاہئے کہ جموںکشمیر میں نشہ آور اشیاء کہاں سے آرہی ہے اور اس میں کون لوگ ملوث ہیں‘‘۔
ان کے مطا بق جموں صوبے میں چٹھے پر بھی پابندی لگائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس لت سے دور رکھا جاسکے ۔
نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ پولیس کو ڈرگس کے خلاف بڑے پیمانے پر بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے کئی ممبران اسمبلی نے آنے والے بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں بلیں پیش کیں ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا کہ جموں وکشمیر میں شراب کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کی جائے ۔