سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں۱۶فروری تک موسم میں وسیع پیمانے پر تبدیلی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۷؍اور۸فروری کو موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۹فروری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں۱۰اور۱۱فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کا زیادہ اثر شمالی اور وسطی کشمیر میں رہ سکتا ہے ۔
موسمیات ترجمان نے بتایا کہ۱۲سے۱۴فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۵اور۱۶فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
دریں اثنا وادی میں جمعہ کو صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو صحنوں، دکان کے تھڑوں اور پارکوں میں لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
ادھر وادی خاص طور پر وسطی کشمیر کے کسان خشک موسمی صورتحال سے پریشان ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چلہ کلان کے دوران موسم زیادہ تر خشک رہنے سے موسم گرما کے دوران پانی کی شدید قلت کا امکان ہے جس سے کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔