جموں//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے چھاپے کے دوران جموںکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کرکے ممنوعہ مواد ضبط کیا ہے ۔
ایس ایس پی ڈوڈہ ‘سندیپ مہتا نے بتایا کہ منشیات رکھنے کے بارے میں اطلاع ملنے پر منگل کی صبح ایک خاتون کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔
مہتا نے کہا’’کچھ دن پہلے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے بتایا تھا کہ وہ منشیات ایک خاتون کو لے جا رہا تھا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’آج یہ خبر ملی کہ مذکورہ خاتون گھر پر ہی ہے اور اس کے پاس منشیات ہے تو ایگزیکیٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں ایک ٹیم نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کی‘‘۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ تلاشی کے دوران قریب۶گرام ہیرائن ضبط کیا گیا اور خاتون کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سال۲۰۲۵کا پہلا کیس ہے اور جو بھی منشیات سپلائی کرتا ہے اس کو گرفتار کیا جائے گا۔