سرینگر//
مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے پیر کے روز کہاکہ وکست بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطربہتر انفرا سٹرکچر ناگزیر ہے ۔
گڈکری نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر ترقی کے نئے منازل طے کررہاہے ۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے سونہ مرگ میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ بھارت ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہے اور اگر وکست بھارت کے خواب کو واقعی میں شرمندہ تعبیر کرنا ہے تو اس کے لئے بہتر ٹرانسپوٹیشن لازمی ہے ۔
گڈکری نے کہا’’بجلی ، پانی اور ٹرانسپورٹیشن جب تک بہتر نہ ہو تب تک کسی بھی ملک میں سیاحت اور تجارت فروغ نہیں پائے گی لہذا موجودہ سرکار نے جدید ٹرانسپورٹیشن سسٹم پر کام کیا جس وجہ سے بھارت ترقی کے نئے منازل طے کررہاہے ‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں بہتر ٹرانسپورٹیشن کی خاطر مرکزی وزارت ٹرانسپورٹ زمینی سطح پر کام کر رہی ہے اور اس وقت ۳۰ٹنلوں پر کام جاری ہے جن میں سے۱۸پر کام لگ بھگ مکمل ہو چکا ہے ۔
مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق جموں وکشمیر کو خوشحال بنانے ، سیاحت کو فروغ دینے ، نوجوانوں کے لئے روزگار کی راہیں کھولنے اور غریبی کو دور کرنے کی خاطر انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اوراس سمت میں مرکزی حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔
زیڈ موڑ ٹنل پر بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ سال۲۰۱۲میں اس پر کام شروع کیا گیا اور۲۷سو کروڑ روپے کی لاگت سے آج یہ ٹنل عوام کے لئے وقف کی گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ چودہ کلومیٹر لمبی زوجیلا ٹنل پر کام جاری ہے اور اس پر چھ ہزار۸سو کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
گڈکری نے کہاکہ مجھے اس بات پر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے ٹنل کی لاگت پر گیارہ ہزار کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا تھا لیکن بہتر انجینئرنگ کے سبب اس ٹنل پر چھ ہزار۸سو کروڑ روپے خرچ ہو نگے ۔
مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ زوجیلا ٹنل ایشیا کی سب سے اونچی ٹنل ہے اور اس ٹنل کے مکمل ہونے سے سری نگر سے کرگل تک ساڑھے تین گھنٹے کی مسافت کم ہوگی۔
گڈکری مزید کہنا تھا کہ سری نگر جموں شاہراہ پر مختلف ٹنلوں اور شاہراوں کی مرمت پر ۵۰ہزار کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ سری نگر رنگ روڈ پر بھی امسال دسمبر کے مہینے میں کام مکمل ہوگا۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ جموں میں بھی رنگ روڈ پر کام چل رہا ہے جبکہ وہاں پر پانچ روپ وے پروجیکٹ اس سال کے آخر میں مکمل ہونگے ۔