بنگلورو//) ہندوستان نے پیر کو فیفا خواتین کے دوستانہ میچ میں مالدیپ کو 14-0 سے شکست دے کر سال کا شاندار اختتام کیا۔
آج پڈوکون-دراوڑ سنٹر فار اسپورٹس ایکسیلنس میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے آٹھ گول کئے اور ہاف ٹائم تک 8-0 کی برتری حاصل کرلی۔
ہندوستان کے نئے مقرر کردہ سویڈش کوچ جواکم الیگزینڈرسن نے اس ٹیم میں آٹھ کھلاڑیوں کو ڈیبیو دیا۔ جن میں سے تین نے حملے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کے لیے آٹھ گول داغے۔
تجربہ کار کھلاڑی پیاری جوکسا اور ڈیبیو کرنے والی لنڈا کوم سرٹو نے بالترتیب تین اور چار گول اسکور کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی، جبکہ نیہا اور کاجول ڈیسوزا (دو دو)، سنگیتا باسفور، سوروکھائبم رنجنا چانو اور رمپا ہلدر نے ایک ایک گول کیا۔
ہندوستان نے دوسرے ہاف میں چھ گول کئے۔ دوسرے ہاف میں کھیل دوبارہ شروع ہونے کے چھ منٹ کے اندر نواں گول سنگیتا باسفور نے کیا۔ ڈیفنس کھلاڑی رنجنا چانو نے 54ویں منٹ میں گول کیا جبکہ متبادل کے طور پر شامل کی گئی کاجول ڈیسوزا نے (59ویں اور 66ویں منٹ میں) شاندار گول کئے۔ متبادل کھلاڑی رمپا ہلدر نے اپنا پہلا گول 62ویں منٹ میں ڈیسوزا کے اسٹرائیک سے کیا۔
ہندستان کی یہ بین الاقوامی فٹ بال میں اب تک کی سب سے بڑی جیت رہی۔ اس سے قبل 2010 میں ہندوستان نے بنگلہ دیش میں سیف چیمپئن شپ میں بھوٹان کو 18-0 سے شکست دی تھی۔
ہندوستان اپنا دوسرا میچ اسی گراؤنڈ پر 2 جنوری 2025 کو کھیلے گا۔