نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو ویر بال دیوس کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور ‘سپوشت پنچایت ابھیان’ کا آغاز کریں گے ۔
وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کو یہاں کہا کہ مسٹر مودی 26 دسمبر کی دوپہر بچوں کوملک کے مستقبل کی بنیاد کے طورپر اعزاز دینے والے ایک ملک گیر پروگرام ‘ویر بال دیوس’ میں شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم ‘سپوشیت پنچایت ابھیان’ کا آغاز کریں گے ۔ اس مہم کا مقصد غذائیت سے متعلق خدمات کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور کمیونٹی کی فعال شرکت کو یقینی بنا کر غذائیت کے نتائج اور بہبود کو بہتر بنانا ہے ۔
اس دن کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور قوم کے تئیں ہمت اور لگن کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں کئی اقدامات بھی شروع کیے جائیں گے ۔ اسی دن اسکولوں، بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں اور آنگن واڑی مراکز میں کہانی سنانے ، تخلیقی تحریر، پوسٹر سازی جیسی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ پروگرام کے دوران پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار کے ایوارڈ یافتہ بھی موجود ہوں گے ۔