جموں//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعے کے روز کہاکہ سٹیٹ ہڈ اور خصوصی اختیارات کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس میدان عمل میں کود پڑی ہے ۔
چودھری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نوکریوں اور زمینوں کے تحفظ کی خاطر کام کر رہی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
چودھری نے کہاکہ جہاں تک جموںکشمیر سرکار کے پاس اختیارات کا تعلق ہے تو میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پولیس اور امن و قانون کا مسئلہ مرکزی وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں ہے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یہ کہنا کہ جموںکشمیر سرکار کے پاس کوئی طاقت نہیں غلط ہے ، یہاں کے لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو منڈیٹ دیا لہذا ہم لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھر پورسعی کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی نئی دہلی میں وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے ساتھ ساتھ خصوصی اختیارات کی واپسی کیلئے نیشنل کانفرنس اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘‘۔
چودھری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن منشور میں لوگوں سے نوکریوں اور زمینوں کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے جس پر ہم چٹان کی طرح قائم ہے ۔
بی جے پی کی جانب سے راہل گاندھی پر الزامات عائد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں سریندر چودھری نے کہاکہ کانگریس لیڈر ایسا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی ممبران کی جانب سے جو الزامات عائد کئے جارہے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔