سرینگر//
سرینگر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ کی دفعہ ۱۳کے تحت ایک کیس کی تفتیش کے سلسلے میں جمعے کے روز سری نگر شہر کے نٹی پورہ میں تلاشی کارروائی انجام دی۔
پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’کچھ افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جو مخالفین کے کہنے پر اور دوسروں کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش میں ملوث پائے گئے ہیں‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’یہ افراد لوگوں کو غیر قانونی اور پر تشدد سرگرمیوں کیلئے اکسانے کیلئے من گھڑت اور غلط معلومات پھیلانے کے ذریعے بدنیتی پر مبنی بیانیہ تیار کرنے کی مہم کو منظم کرنے میں ملوث پائے گئے تھے ‘‘۔
پویس ترجمان نے کہا’’ضلع پولیس سرینگر نے این آئی اے کی ایک عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد عبدل لحمید پرے ولدغلام محمدپرے ساکن بڈشاہ نگر نٹی پورہ کے گھر پر چھاپہ مارا اوروہاں تلاشی کے دوران مجرمانہ مواد اورالیکٹرانک آلات ضبط کئے ‘‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید ایسی کارروائیاں انجام دی جائیں گی۔
پویس ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے پولیس نے بٹہ مالو اورایچ ایم ٹی سری نگرمیں عبید ریاض ڈارولدریاض احمد ڈار ساکن بونہ پورہ بٹہ مالو اور ساہل احمد بٹ ولدنورمحمدساکن ایچ ایم ٹی زینہ کوٹ کے گھروں پر چھاپے مارے تھے ۔
ترجمان نے بیان میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اشتعال انگیز مواد کو شیئر کرنے یا اپ لوڈ کرنے سے گریز کریں جو جھوٹے بیانیے کو فروغ دیتا ہے اور لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے گمراہ کرتا ہے ۔
ان کامزید کہنا ہے کہ سری نگر پولیس نے مزید کئی مشتبہ افراد کی شناخت کی ہے اور آنے والے دنوں کے دوران ان کے گھروں کو بھی کھنگالاجائے گا۔