نئی دہلی:
کانگریس کے صدر‘ ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان کو مسترد کردیا کہ کانگریس جموں کشمیر میں آرٹیکل ۳۷۰ کو بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کھڑگے نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ سماج میں تقسیم پیدا کرنے کیلئے آرٹیکل ۳۷۰ کے مسئلے کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔
پونے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کانگریس اور اس کے سینئر رہنماؤں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو گالیاں دینے کا الزام لگایا۔
کانگریسی صدر نے کہا’’امیت شاہ اپنی انتخابی ریلیوں میں کانگریس پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہیں۔ (لیکن) وہ (خود) کہہ رہے ہیں کہ کانگریس (جموں و کشمیر میں) آرٹیکل ۳۷۰ کو واپس لانا چاہتی ہے۔ مجھے بتاؤ، یہ کس نے اور کب کہا؟ آپ ایک مسئلہ اٹھا رہے ہیں۔ اگر یہ (دفعہ ۳۷۰ کو منسوخ کرنے کی قرارداد) پارلیمنٹ میں پہلے ہی منظور ہو چکی ہے، تو آپ اس مسئلے کو دوبارہ کیوں اٹھا رہے ہیں؟ اس کا مطلب ہے کہ آپ اس مسئلے کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تاکہ تقسیم ہو سکے۔ اگر آپ یہ کہنا چاہتے ہیں تو کشمیر جائیں اور کہیں۔ کھڑگے نے کہا کہ کشمیر میں انتخابات ختم ہو چکے ہیں‘‘۔