سرینگر//
بڑے موسمی نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے یکم دسمبر تک کشمیر کے میدانی علاقوں میں برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جموں کشمیر کے کچھ حصوں میں آئندہ۴۸گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے پیش گوئی کرنے والے عادل مقبول کے مطابق آئندہ۴۸ گھنٹوں کے دوران کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ کشمیر کے میدانی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا اور بعض علاقوں بالخصوص شمالی کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
مقبول کے مطابق۱۷ نومبر کے بعد سے ۳۰ نومبر تک جموں کشمیر میں زیادہ تر خشک موسم رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ زو جیلا، راز دان پاس، سادھنا پاس، سنتھن ٹاپ اور مغل روڈ پر۱۵نومبر کو ممکنہ ہلکی برف باری سے ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں۱۴؍اور۱۵نومبر کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۱۶نومبر کو بھی میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں جبکہ کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہے تاہم دوپہر کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں۲۳ سے۲۷نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۴ نومبر کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارشیں یا کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۵سے۳۰نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ زو جیلا، راز دان پاس، سادھنا پاس، سنتھن ٹاپ اور مغل روڈ پر۱۵نومبر کو ممکنہ ہلکی برف باری سے ٹریفک کی نقل و حمل عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے ۔یاحوں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ۱۴نومبر کی شام سے۱۵نومبر تک موسمی صورتحال کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت معمول سے ۳ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ۳ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۰ء۱۵ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور یہ موسم گرما کی راجدھانی جموں و کشمیر میں معمول سے ۳ء۰ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔