اب صاحب ہمیں نہیں لگتا ہے اور بالکل بھی نہیں لگتا ہے کہ اس میں برا ماننے کی کوئی بات ہے… غصہ ہونے کی کوئی بات ہے…ہمیں ایسا بالکل بھی نہیں لگتا ہے۔وہ کیا ہے کہ یہ جو سیاست ہے‘ اس میں بھی سیاست ہوتی ہے… اور اگر سیاست میں سیاست نہیں ہو گی تو… تو کیا ہو گا کہ ہم سب غیر سیاسی ٹھہریں لیکن پھر بھی ہماری زندگیوں میں اتنی سیاست ہو تی تو… تو سیاست اور سیاستدانوں میں سیاست ہونا کوئی گناہ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ این سی جانتی ہے کہ اسمبلی میں خصوصی پوزیشن کی بحالی کے حق میں قرار داد سے کچھ ہونے والا ہے نہیں ہے… لیکن پھر بھی اس نے ایک عدد قرار داد لائی اور اسے منظور بھی کراوایا… بی جے پی بھی جانتی ہے کہ اس قرار داد سے کچھ ہونے والا نہیں ہے… لیکن پھر بھی اس نے ہنگامہ کیا ‘ آسمان سر پر اٹھارکھا ہے…اور اس لئے رکھا ہے کیوں کہ یہ اس کی سیاست کا حصہ ہے… اس نظریے کا حصہ ہے جس کے تحت اس نے پانچ بر س پہلے دفعہ ۳۷۰ کو زمین بوس کیا تھا … اور بقول مودی جی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کیا … اس بات‘ اس حقیقت سے این سی بھی واقف ہے … بی جے پی سے بھی زیادہ واقف ہے لیکن … لیکن بی جے پی کی ہی طرح یہ اس کی سیاست ہے ‘ اس کا نظریہ ہے جو اس نے اسمبلی میں خصوصی درجے کی بحالی کیلئے قرار داد لائی … بی جے پی نے ۳۷۰ کے ساتھ جو کیا اس نے وہ اپنی سیاست اور نظریہ کے تحت کیا… این سی جو کرنا چاہتی ہے وہ بھی یقینا اپنی سیاست اور نظریہ کے تحت ہی کرہی ہے… اگر بی جے پی سیاست کررہی ہے‘ تو این سی بھی سیاست کررہی ہے تو… توصاحب پھر یہ ہنگامہ کیوں … یہ شور شرابہ کیوں… آگے چلئے اور کام پر لگ جائیے کہ لوگوں نے بی جے پی اور نہ این سی اسمبلی میں اس لئے بھیجا ہے کہ وہ وہاں مچھلی بازار لگائیں… نہیں صاحب اس لئے انہیں نہیں بھیجا گیا ہے… لوگوں نے انہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے بھیجا ہے اور… اور حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اس بات کو یاد رکھے‘ اس کو فراموش نہ کرے اور… اور آگے بڑھے کہ… کہ اس کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟