سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں دفعہ۳۷۰کے متعلق قرار داد کی منظوری ہماری جدوجہد کا ایک راستہ ہے جس کو آج کھول دیا گیا۔
مہدی نے یہ قرار داد منظور کرنے پر نیشنل کانفرنس اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر اسمبلی نے اجلاس کے تیسرے دن بدھ کے روز دفعہ ۳۷۰کی بحالی کی قرارداد کو اکثریتی ووٹوں سے منظور کیا۔
این سی رکن پارلیمان نے اس اقدام کے بارے میں یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ کرتے ہوئے کہا’’ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اسمبلی میں معمول کے بزنس کے پہلے ہی دن اس قرار داد کو پاس کیا جائے گا،اسمبلی میں پہلا اور دوسرا دن معمول کی بزنس کا نہیں ہوتا ہے اور آج معمول کی بزنس کا پہلا دن تھا تو نیشنل کانفرنس نے وعدے کے مطابق اس قرار داد کو پیش کیا جس کو منظور کیا گیا‘‘۔
مہدی کا کہنا تھا’’میں اس کیلئے اپنی تنظیم اور دوسرے ساتھیوں کا شکر گذار ہوں جنہوں نے اپنے وعدے کو پورا کیا‘‘۔
این سی لوک سبھا ممبر نے کہا’’بات یہاں پر ہی ختم نہیں ہوتی ہے یہ جدو جہد کا ایک راستہ ہے جس کو آج کھول دیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا’’میں نے اپنی گنجائش کے مطابق پارلیمنٹ میں اس کے متعلق کوشش کی اور اب اسمبلی کے ذریعے یہ بات پہنچانے کی ضرورت تھی اور اس ضرورت کو آج پورا کیا گیا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’اب یہ جدوجہد آگے لے جانے کیلئے کام کرنا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اسمبلی کی اکثریت نے اس قرار داد کو منظور کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’سپیکر کے کام پر اگر بی جے پی ہمیں درس نہ دے اچھا رہے گا۔‘‘