حیدرآباد//تلنگانہ میں آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے شروع ہونے والی ذاتوں کی جامع مردم شماری کے انعقاد سے متعلق پردیش کانگریس پارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس حیدرآباد ریاست کی حکمران جماعت کانگریس کے ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلی ریونت ریڈی،نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا اور کئی وزراء نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے کی۔ اے آئی سی سی لیڈر کے راجو نے ذاتوں کی مردم شماری کے مسئلہ کو عوام تک لے جانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔
اجلاس میں کئی ایم پیز، ایم ایل ایز، سرکاری مشیر اور کارپوریشن کے صدور موجود تھے ۔اس موقع پروزیر بی سی بہبود پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں پہلی جامع ذاتوں کی مردم شمار ی کا عمل اگلے مہینے کی 6 تاریخ سے شروع ہوگا۔ کل جماعتی اجلاس منعقد کیاجائے گا۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی جامع مردم شماری ہے ۔ کانگریس نے اس کو اپنے منشور میں شامل کیاتھا۔تمام جماعتوں سے اس سلسلہ میں تعاون کی خواہش کی گئی تاکہ جامع سروے صحیح طریقے سے ہو اور مستقبل میں سب کے ساتھ انصاف ہو۔ فیلڈ لیول کانگریس لیڈروں کو دیہی علاقوں میں حکام کے ساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایک ٹیم 150 گھروں کے لیے کام کرے گی اور جامع معلومات اکٹھی کرے گی۔