’’ ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو یہاں کے خرمن امن کو آگ لگانا چاہتے ہیں‘‘
سرینگر///
جموں کشمیر کے‘ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس کو گگن گیر سونہ مرگ ملی ٹنٹ حملے کے ملوثین کا سرغ لگا کر انہیں سخت ترین سزا دینے کیلئے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم نے گناہوں کے قتل عام کو برداشت نہیں کرسکتی ہے ۔
سنہا نے کہا کہ ان ہلاکتوں کا بدلہ لیا جائیگا اور دہشت گردوں کو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں پیر کو زیون میں واقع آرمڈ پولیس کمپلیکس میں منعقدہ’یوم پولیس یادگاری تقریب‘کے موقع پر خطاب کرنے کے دوران کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ان کے مشیر ناصر اسلم وانی اور کابینہ وزرا اور ارکان اسمبلی موجود تھے ۔
ایل جی نے کہا’’کوئی بھی قوم یا شخص بے گناہوں کے قتل عام کو برداشت نہیں کر سکتا ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ضلع گاندربل میں گذشتہ شب پیش آنے والا واقعہ بالکل نا روا ہے ، بے گناہوں نے اپنی جانیں گنوائیں جس کو کسی بھی صورت میں بر داشت نہیں کیا جا سکتا ہے ‘‘۔
سنہا نے کہا’’میں پولیس فورس سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ اس واقعے کے ملوثین کی تلاش کرکے انہیں سخت ترین سزا دیں‘‘۔انہوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کیا۔
ان کا زور دے کر کہنا تھا’’میں پولیس، فوج اور سینٹرل فورسز سے زور دیتا ہوں کہ وہ دہشت گردوں، دہشت گردی اور ان کے آقاؤں کے خلاف سختی سے نمٹنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں‘‘۔
سنہا نے کہا’’جموںکشمیر کی سرزمین سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے مجموعی کاوشوں کی ضرورت ہے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ہمسایہ ملک سے دہشت گردی کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے ، ان کی طرف سے جموں وکشمیر میں امن کو درہم و برہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، ہمیں ایسے عناصر سے سخت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو جموں وکشمیر میں خرمن امن کو نذر آتش کرنے کے در پے ہیں‘‘۔انہوں نے پولیس کی مختلف محاذوں پر پیشہ وارانہ طریقے اور بہادری سے کام کرنے کی سراہنا کی‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا’’جموںکشمیر پولیس بہادری، عزم، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی مثال ہے ،چاہے وہ امن و امان برقرار رکھنا ہو، ملی ٹنٹوں سے لڑنا ہو، جرائم سے نمٹنا ہو یا بارش یا برفباری میں لوگوں کی مدد کرنا ہو، پولیس ہمیشہ سب سے آگے رہتی ہے ‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ لوگوں کو پولیس کے رول کو تسلیم کرکے ان کو بھر پور تعاون پیش کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جموںکشمیر انتظامیہ ’بے گناہوں کو چھیڑو مت اور گناہ گاروں کو چھوڑو مت‘کی پالیسی پر برابر قائم ہے ۔
سنہا کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اور دیگر فورسز کو ہدایات دی گئی ہیں جن کو گذشتہ چار برسوں سے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گذشتہ ایک سال کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا’’جموںکشمیر انتظامیہ ملک کیلئے دوران ڈیوٹی اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کے اہلخانہ کے تمام مطالبوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے ‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا’’لوک سبھا انتخابات اور اور حال ہی میں منعقدہ اسمبلی انتخابات نے یہ بات ثابت کر دی کہ جموں و کشمیر کے لوگ جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں‘‘۔
ایل جی نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں سے جموں وکشمیر کے نوجوان ترقی اور امن کے راستے پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا’’جموں کشمیر کے نوجوان سرکاری نوکریاں حاصل کرکے اور تاجر بن کے اپنے خوابوں کی شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جموںکشمیر انتظامیہ اور پولیس جموں وکشمیر کو منشیات سے صاف و پاک بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے ‘‘۔