تو صاحب یہ خبر افسوس… انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر دی جاتی ہے کہ اپنے… اپنے اپنی پارٹی کے بخاری… الطاف بخاتی صاحب گم ہو گئے ہیں… لاپتہ ہو گئے ہیں… آخری بار انہیں ۸؍اکتوبر کو دیکھا گیا تھا… اور مت پوچھئے کہ جس طرح ۸؍اکتوبر ۲۰۰۶ پوری وادی کیلئے بھاری ثابت ہوا … بالکل صاحب اسی طرح ۸؍اکتوبر ۲۰۲۴ بھی بخاری صاحب کیلئے بھاری نہیں بلکہ بہت بھاری ثابت ہوا… یوں سمجھ لیجئے کہ ان جناب کے پیروں تلے زمین کھسک گئی…زلزلہ آیا گیا‘ کچھ اس قدر کہ … کہ جیسے یہ جناب شکست فاش کے اس ملبے تلے دب گئے کہ…کہ وہ دن اور آج کا دن‘ ان جناب کو کسی نے دیکھا نہیں … بالکل بھی نہیں دیکھا ۔کہنے والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ… کہ بخاری صاحب نے سوچا تھا … یہ سوچا تھا کہ انکی اپنی پارٹی کشمیر کی اپنی پارٹی بن جائیگی… اور اللہ میاں کی قسم ایسا ہی ہوتا… یقینا ایسا ہی ہوتا… اگر اپنی پارٹی … بخاری صاحب کی اپنی پارٹی ہوتی… خالص ان کی اپنی پارٹی … لیکن صاحب ایسا نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ اپنی پارٹی بخاری صاحب کی اپنی پارٹی نہیں ہے… وہ کسی اور کی پارٹی تھی اور… اور اسی لئے یہ لوگوں کی… کشمیر کے لوگوں کی اپنی پارٹی نہیں بن سکی … بالکل بھی نہیں بن سکی… لیکن صاحب مسئلہ اس وقت اپنی پارٹی کا نہیں ہے…بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ مسئلہ… اصل مسئلہ اس وقت بخاری صاحب کا ہے… یقینا ان کی اپنی پارٹی ‘ ہماری پارٹی نہیں ہے… کشمیر کی اپنی پارٹی نہیں ہے… لیکن… لیکن صاحب بخاری صاحب تو اپنے ہیں… کشمیر کے ہی ہیں اور… اور اس ناطے ہم چاہتے ہیں… ہماری خواہش ہے کہ ان جناب کو تلاش کیا جائے… ان کا پتہ لگایا جائے کہ… کہ آخر یہ کہاں چھپے بیٹھے ہیں… مانا … مانتے ہیں کہ لوگوں نے … کشمیر لے لوگوں نے انہیں منہ دکھانے… کسی کومنہ دکھانے کے لائق نہیں چھوڑا اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ اپنا سا منہ لے کر کسی کے سامنے بھی نہیں آ سکتے ہیں… لیکن صاحب یہ آپشن نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ انہیں سامنے آنا ہوگا… البتہ ہاں! سامنے آنے سے پہلے انہیں یہ سوچنا ہو گا… اس بات کا جائزہ لے ہو گا کہ ۸؍اکتوبر ۲۰۲۴ان کیلئے ۸؍اکتوبر ۲۰۰۶؍ کیوں ثابت ہوا …کیوں ۸؍اکتوبر کو کشمیر میں سیاسی زلزلہ آیا اور ان کی اپنی پارٹی اس زلزلے کی نذر ہو گئی ۔ ہے نا؟