نئی دہلی// اے سی سی ٹی-20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2024 میں جمعہ کو ہندوستان اے کا مقابلہ پاکستان اے سے ہوگا۔
18 سے 27 اکتوبر تک عمان میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
مقابلے کے تمام میچز العمارات میں عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ہندستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز کل پاکستان اے کے خلاف میچ سے کرے گی۔
اس مقابلے میں آٹھ ٹیموں کو چار چار ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
ایشیا کپ 2024 کی ٹیمیں اور گروپس درج ذیل ہیں:- گروپ اے: افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، ہانگ کانگ چین گروپ بی: انڈیا اے، پاکستان اے (پاکستان شاہینز)، عمان، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)
یہ ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ کا چھٹا ایڈیشن ہے لیکن یہ پہلا موقع ہوگا کہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ پچھلے پانچوں ایڈیشن 50-50 اوورز کے فارمیٹ میں منعقد ہوئے تھے۔
ہندوستان نے 2013 میں افتتاحی ایڈیشن جیتا تھا جبکہ سری لنکا نے 2017 اور 2018 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ جبکہ اس کے بعد کے دو ایڈیشن 2019 اور 2023 میں پاکستان شاہینز نے جیتے تھے۔
ہندستانی کرکٹ ٹیم درج ذیل ہے:-
انڈیا اے: تلک ورما (کپتان)، ابھیشیک شرما، آیوش بدونی، نشانت سندھو، انوج راوت، پربھسمرن سنگھ، نہال وڈھیرا، انشول کمبوج، ہریتھک شوکین، عاقب خان، ویبھو اروڑہ، راشیخ سلام، سائی کشور، راہول چہار۔