نئی دہلی//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کو منشیات کے خطرے سے محفوظ کرکے منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے ۔
شاہ نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ منشیات اور منشیات کے کاروبار کے خلاف مہم بغیر کسی سستی کے جاری رہے گی۔
شاہ نے گجرات پولیس کے تعاون سے۵۰۰۰کروڑ روپے کی کوکین کی برآمدگی سمیت متعدد کارروائیوں میں ۱۳ہزارکروڑ روپے کی منشیات کی ضبطی پر دہلی پولیس کو مبارکباد دی۔
منشیات کے کاروبار کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر، دہلی پولیس اور گجرات پولیس کے خصوصی سیل نے۱۳؍اکتوبر کو گجرات کے انکلیشور میں ایک کمپنی پر چھاپہ مارا اور۵۱۸کلو گرام کوکین برآمد کی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت تقریباً۵ہزارکروڑ روپے ہے ۔
اس سے پہلے یکم اکتوبر کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے مہیپال پور میں ایک گودام پر چھاپہ مارا تھا اور۵۶۲کلو گرام کوکین اور۴۰کلو گرام ہائیڈروپونک چرس ضبط کی تھی۔
تحقیقات کے دوران۱۰؍اکتوبر کو دہلی کے رمیش نگر میں ایک دکان سے تقریباً۲۰۸کلو گرام اضافی کوکین برآمد ہوئی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ منشیات گجرات کے انکلیشور سے آئی تھی۔
اس معاملے میں اب تک کل ملاکر۱۲۸۹کلو گرام کوکین اور۴۰کلو گرام ہائیڈروپونک تھائی گانجہ برآمد کیا گیا ہے جس کی مالیت ۱۳ہزارکروڑ روپے ہے ۔