گال //
سری لنکا کے بلے باز کامندو مینڈس نے اپنے کیرئیر میں ایک اور شاندار کامیابی کا اضافہ کیا جب انہوں نے پاکستان کے ایس بلے باز بابر اعظم کا دو سال پرانا ٹیسٹ ریکارڈ برابر کر دیا۔ مینڈس نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے خلاف سری لنکا کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ناقابل شکست نصف سنچری بنانے کے بعد حاصل کیا۔
مینڈس نے ٹیسٹ کرکٹ میں لگاتار آٹھویں نصف سنچری سکور کی اور بابر اعظم کا ریکارڈ برابر کردیا جنہوں نے 2022ء میں یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔ 2018ء کے بعد سے صرف ان 2 بلے بازوں نے طویل ترین فارمیٹ میں اتنی مستقل مزاجی حاصل کی ہے۔ کامندو مینڈس جو ٹیسٹ میں واپسی کے بعد سے شاندار فارم میں ہیں ،نے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
وہ ٹیسٹ کی تاریخ کے پہلے بلے باز بن گئے جنہوں نے اپنے پہلے 8 ٹیسٹ میچز میں سے ہر ایک میں ففٹی یا اس سے زیادہ سکور بنائے اور پاکستان کے سعود شکیل کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے اس سے قبل لگاتار 7 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔