جموں//
جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں جون میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں دو دہشت گردوں کے مارے جانے اور ایک کانسٹیبل کی موت کی مجسٹرئیل جانچ شروع کردی گئی ہے اور عوام سے بیانات اور ثبوت مانگے گئے ہیں۔
۱۲؍اور ۱۳ جون کو کٹھوعہ کی ہیرا نگر تحصیل کے سیدا سوہل گاؤں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران تصادم میں دو دہشت گرد اور سی آر پی ایف کا ایک جوان مارا گیا تھا۔
ہیرا نگر کے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) راکیش کمار نے’’مجھے ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ نے مجسٹرئیل جانچ کرنے کیلئے مجسٹریٹ مقرر کیا ہے اور ہیرا نگر کے سیدا سوہل علاقے میں دہشت گردانہ حملے کے واقعہ پر ایک رپورٹ پیش کروں گا‘‘۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے اور کانسٹیبل کبیر داس ڈیوٹی کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
کمار‘جنہوں نے جانچ کے بارے میں ایک عوامی نوٹیفکیشن جاری کیا‘ نے بیان ریکارڈ کرنے اور واقعہ کے حالات سے واقف افراد سے ثبوت اکٹھا کرنے کیلئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
ایس ڈی ایم نے کہا’’یہ نوٹس عام لوگوں اور دلچسپی رکھنے والے افراد کو مطلع کرتا ہے کہ جو بھی تحریری یا زبانی بیانات کی شکل میں معاملے سے متعلق معلومات یا ثبوت فراہم کرنا چاہتا ہے وہ۲۳ ستمبر سے پہلے ایسا کر لے‘‘۔ (ایجنسیاں)