تو صاحب اپنے عمر صاحب … عمر عبداللہ صاحب پوچھ رہے ہیں ‘ سوال کررہے ہیں… ایل جی منوج سنہا سے سوال کررہے ہیں کہ جناب آپ کو جماعت اسلامی سے آخر مسئلہ کیا ہے… عمر ایسا اس لئے پوچھ رہے ہیں کیونکہ سنہا صاحب نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی جیسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے نہیں دیا جانا چاہیے اور … اور اس کیلئے مطلوبہ قاقون سازی کی جانی چاہئے… اور اسی بات پر اپنے عمر صاحب ایل جی صاحب سے خفا خفا ہیں … لیکن… لیکن صاحب ایسا نہیں ہے اور…اور بالکل بھی نہیں ہے کہ عمر صاحب صرف ‘ ایل جی صاحب سے خفا خفا ہیں… نہیں ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے… عمر صاحب تو جماعت اسلامی سے بھی خفا ہیں… اس کے الیکشن لڑنے پر خفا نہیں ہیں‘ بلکہ دیر سے … ۳۵ سال کی دیرسے الیکشن لڑنے پر خفا ہیں اور… اور اس جماعت سے بھی یہ پوچھ رہے ہیں‘ سوال کررہے ہیں کہ گزشتہ ۳۵ برسوں میںآپ کو الیکشن سے آخر مسئلہ کیا تھا جو آپ الیکشن لڑ رہی تھی اور نہ کسی کو لڑنے دے رہی تھی ؟سوال … عمر صاحب کا سوال یہیں پر ختم نہیں ہو تا ہے بلکہ یہ جناب جماعت سے پوچھتے ہیں کہ اگر الیکشن ہی لڑنا تھا تو… تو گزشتہ ۳۵ برسوں کے دوران کشمیر میں جو اتنی ہلاکتیں ہوئیں ‘ ان ہلاکتوں کا حساب کون دے گا ؟عمرصاحب کا یہ سوال بھی معقول ہے … اور منصفانہ بھی… لیکن صاحب ایسا نہیں ہے کہ عمر صاحب ہی سوال کرتے جائیں ‘ لوگوں سے سوال پوچھتے جائیں اور… اور خود کسی سوال کا جواب نہیں دیں گے …کہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وہ ۳۵ برسوں سے اس لئے الیکشن نہیں لڑ رہی تھی کیونکہ وہ ۱۹۸۷ کے اسمبلی الیکشن میں ہوئیں دھاندلیوں سے وہ دلبرداشتہ ہو گئی تھی‘ الیکشن سے متنفر ہو گئی تھی… اس لئے اس نے الیکشن سے دوری اختیار کی تھی ورنہ اس کا الیکشن سے کوئی پرہیز نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ اب عمر صاحب بتائیے کہ آپ کے پاس اس کا کیا جواب ہے کہ… کہ ۱۹۸۷ میں جو دھاندلیاں ہو ئیں… ان میں سب سے پہلے آپ کا … ہمارا مطلب ہے آپ کی جماعت کا نام آتا ہے… اور … اور ان دھاندلیوں کے بعد کشمیر میں جو ہوا … اس کیلئے جماعت اسلامی سے بعد میں پہلے آپ سے جواب مانگا جائیگا‘ مانگا جارہا ہے جناب عمر صاحب !ہے آپ کے پاس اس کا کوئی جواب‘ اگر ہے تو پلیز ہمیں بھی بتائیے ۔ ہے نا؟