سرینگر//
سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کی اپنی جاری کوششوں میں، پولیس نے اننت ناگ میں پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے کافی مقدار میں سائیکوٹرپک/ممنوعہ اشیاء ضبط کیں۔
ایک اہم کارروائی میں، تھانہ مٹن کی ایک پولیس ٹیم نے بمزو مٹن میں ناکے کے دوران، ایک انووا گاڑی کو روکاجس میں تین افراد سوار تھے۔
پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران کوڈین فاسفیٹ کی۱۱ بوتلیں‘۸۰ ڈولو ٹی گولیاں‘۷۰؍ اوموڈول گولیاں، کافی مقدار میں شراب اور۱۱۵۰۰ روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی۔
انکی شناخت لطیف احمد شاہ ولد محمد قاسم شاہ ساکنہ مٹن، ایاز احمد بٹ ولد محمد امین بٹ ساکنہ سیر ہمدان اور رئیس احمد ملک ولد غلام محمد ملک ساکنہ سرنل پائین، اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔ موقع پر واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی سمیت منشیات بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں، پولیس اسٹیشن اننت ناگ کی ایک پولیس ٹیم نے وزیر باغ پارک، اننت ناگ کے قریب قائم ایک ناکہ پر ایک آٹو کو روکا۔ جو بانگدار سے مہندی کدل واس کی طرف آرہے آٹو کی تلاشی لی گئی جس سے کافی مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد ہوئی۔ ملزم ڈرائیور کی شناخت ریاض احمد ڈار ولد غلام قادر ڈار ساکنہ زادی پورہ، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے اور اسے گرفتار کر لیا گیا اور جرائم میں استعمال ہونے والا آٹو بھی ضبط کر لیا گیا۔
مزید برآں، پولیس چوکی سنگم سے پولیس کی ایک ٹیم نے کڈنگن مرہامہ میں ناکے کی چیکنگ کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت نور محمد گنائی ولد عبدل رحیم گنائی ساکنہ مرہامہ کے نام سے ہوئی، جس کے پاس ایک تھیلی تھی جس میں بھاری مقدار میں شراب تھی۔ ملزم کو گرفتار کر کے موقع سے مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
تمام ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔ متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو روکنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ہم کمیونٹی ممبران کو یقین دلاتے ہیں کہ پولیس قانون کے مطابق مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔