سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے درنگہ بل پانپور میں بدھ کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی بر سر موقع ہی موت جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پانپور کے درنگہ بل میں بدھ کی صبح ایک تیل ٹینکر اور ایک سکوٹی کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں سکوٹی پر سوار ایک شخص کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔
متوفی کی شناخت عبد الرحیم میر جبکہ زخمی کی شناخت نذیر احمد میر ساکنان فرست بل پانپور کے طور پر کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
ادھر کشتواڑ ضلع کے پدریانہ علاقے میں سڑک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح کشتواڑ کے پدریانہ میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب ایک نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت دھرمندر سنگھ ولد کشمیر سنگھ ساکن پڈر اور زخمی کی پہچان سمن کمار ولد بھگت رام ساکن سوہل پڈر کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔