جموں/۹ستمبر
فوج کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر دو ملی ٹنٹوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی تحویل سے جنگی سامان اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ در اندازی کی کوششوں کے متعلق انٹلی جنس ایجنسیوں اور جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے موصولہ اطلاعات پر فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نوشہرہ سیکٹر کے لام علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا”آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو مار گرایا گیا اور جائے موقع سے اب تک جنگی سامان سمیت گولہ و بارود بر آمد کیا گیا“۔
برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 2 اے کے 47 رائفلیں اور ایک پستول شامل ہے ۔
پوسٹ کے مطابق علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
نور باغ میں آتشزدگی، تین رہائشی مکان خاکستر
سرینگر/۹ستمبر
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے نور باغ علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح سات بجے کے قریب سری نگر کے نور باغ علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ نور باغ میں پیر کی صبح سات بجے کے قریب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے کہاکہ ایک درجن کے قریب فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔