نئی دہلی// ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ملک میں ریلوے حادثات کے پیچھے تخریب کاری کی سازش کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی ٹرانسپورٹ کے اس ذرائع کو سیاست سے دور رکھیں عوام اور ملک سب سے اہم ہے ۔
مرکزی کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دینے کے لیے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ریلوے حادثات سے متعلق سوالوں کے جواب میں ریلوے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارمیشن براڈکاسٹنگ کے وزیر نے کہا کہ یہ بہت حساس مسئلہ ہے ۔ ریلوے حادثات کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک انتہائی تشویشناک رجحان ہے ۔ اس میں الزامات اور جوابی الزامات نہیں ہونے چاہئیں۔ یہ معاملہ سیاست سے بالاتر ہے ۔ کہیں بھی کچھ بھی ہو، سب کی توجہ ریلوے کے کام کاج پر مرکوز ہونی چاہیے ۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ریل حادثات کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی اطلاعات دیکھی ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ ریلوے ملک کے لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا قومی ذریعہ ہے ۔ ہمیں اس حوالے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے اور عوام اور ملک کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس پر بات کرنی چاہیے ۔