نئی دہلی// نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن (این ایچ آر سی) نے ریاست کے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرکے آندھرا پردیش میں ایک نجی صنعتی یونٹ میں ایک دھماکے میں مزدوروں کی موت کے معاملے میں دو ہفتوں کے اندر رپورٹ طلب کی ہے ۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس نے اس معاملے میں میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے یہ نوٹس جاری کیا ہے ۔
ریلیز کے مطابق میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 21 اگست 2024 کو انکاپلے ضلع کے اچیوتا پورم اسپیشل اکنامک زون میں ایک نجی صنعتی یونٹ میں ری ایکٹر کے دھماکے میں کم از کم 17 مزدور ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے ہیں ۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے اس معاملے میں حفاظتی معیارات میں کسی کوتاہی کا پتہ لگانے کے لیے مکمل تحقیقات کی ہدایت دی ہے ، جس کی تفصیلی رپورٹ دو ہفتوں میں متوقع ہے ۔
کمیشن کے نوٹس میں آندھرا پردیش کے افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس واقعہ سے متعلق ایف آئی آر کا اسٹیٹس ، زخمیوں کی صحت اور طبی علاج اور مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ میں امدادی رقم کی تقسیم کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں۔
کمیشن نے یہ بھی پوچھا ہے کہ اگر کوئی افسر اس سانحہ کا ذمہ دار ہے تو اس کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے ؟