سرینگر/۱۱ اگست
ضلع اننت ناگ کے علاقے اہلان کوکرناگ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم میں زخمی ہونے والے دو شہریوں میں سے ایک کی آج موت ہوگئی جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
یہ جھڑپ ہفتہ کی دوپہر کے وقت اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز کوکرناگ علاقے کے دور افتادہ علاقے اہلان گڈول کے گھنے جنگلات میں انسداد دہشت گردی کی کارروائی کر رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کے بعد آپریشن شروع کیا گیا تھا۔”جیسے ہی سیکورٹی فورسز جنگلاتی علاقے میں پیش قدمی کر رہی تھیں، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو فوجی شدید زخمی ہوگئے۔زخمی فوجیوں کو فوری طور پر طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے“۔
دریں اثناجموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کشتواڑ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کے بارے میں اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور پولیس نے کشتواڑ کے نوناٹہ، ناجینی اور پیاس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرودں کی تلاش کے لئے علاقے میں سیکورٹی فورسز کی مزید نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔