جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں منگل کے روز یوا راجپوت کے بینر تلے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پر امن احتجاج جلوس نکالا ۔
مظاہرین نے مرکزی سرکار سے اپیل کی کہ جموں وکشمیر کو الیکشن سے قبل ہی ریاست کا درجہ بحال کیا جائے ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جموں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی جلوس نکالا ۔
یوا رجپوت کے بینر تلے نکالے گئے اس جلوس کے شرکائسرکار کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔
نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران یوا راجپوت کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل سٹیٹ ہڈ کی بحالی ناگزیر ہے ۔
عہدیدار نے کہاکہ مرکزی سرکار کہتی ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر ہیں تو ریاستی درجے کی بحالی کو لے کر تذبذب کیوں ؟ان کے مطابق جموں کے نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مرکزی سرکار کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر مرکزی سرکار نے جلدازجلد سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا فیصلہ نہیں لیا تو جموں وکشمیر میں احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔