نئی دہلی// عام آدمی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے راجندر نگر واقعہ کے ذمہ دار لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو برخاست کرنے اور ملک بھر میں کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کو ریگولیٹ کرنے کا قانون بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے احاطے میں مظاہرہ کیا۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ، ڈاکٹر سندیپ پاٹھک، این ڈی گپتا سمیت دیگر ممبران پارلیمنٹ نے نعرے بازی کرتے ہوئے راجندر نگر کی کوچنگ میں ہونے والے المناک حادثے کے ذمہ دار دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مسٹرسنگھ نے کہا کہ دہلی حکومت کے وزراء کی بار بار ہدایات کے باوجود لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت افسران نے نالوں کی صفائی نہیں کرائی جس کی وجہ سے راجندر نگر میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ دہلی حکومت کو بدنام کرنے اور دہلی کے لوگوں کی زندگی کو جہنم بنانے کے لیے افسران نے جان بوجھ کر نالوں کی صفائی نہیں کی۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود دہلی حکومت کے اختیارات چھین لیے گئے اور لیفٹیننٹ گورنر کے ڈنڈے سے دہلی کو چلانے کی کوشش کی گئی۔ مرکزی حکومت سے بار بار مطالبات کے باوجود کوچنگ سنٹرس کو ریگولیٹ نہیں کیا گیا۔ راجندر نگر کا یہ واقعہ اسی کا نتیجہ ہے ۔ ہمارے وزرا پہلے سے ہی نالوں کی صفائی کی بات کر رہے تھے ، پھر بھی جان بوجھ کر ایسا نہیں ہونے دیا گیا، تاکہ دہلی حکومت کی بدنامی ہو اور دہلی کے لوگوں کی زندگی جہنم بن جائے ۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر براہ راست ذمہ دار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ راجندر نگر میں ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے بیسمنٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ہفتہ کو تین طلباء کی موت ہوگئی تھی۔