سرینگر//
کرگل وجے دیوس۲۰۲۴اور اس کی تقریبات میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ کرگل نے دراس اور تحصیل کرگل میں ۲۴سے۲۶جولائی تک ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کرگل وجے دیوس کی۲۵ویں سالگرہ کے موقع پر دراس میں وار میموریل پر بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے۲۶جولائی کو لداخ یونین ٹریٹری کا دورہ کریں گے ۔
ضلع مجسٹریٹ کرگل شری کانت بالا صاحب سوسے کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا’’کرگل وجے دیوس۲۰۲۴؍اور وی وی آئی پیز کے۲۵؍اور۲۶ جولائی کے دراس کے دورے کے پیش نظر ایس ایس پی کرگل نے اس دفتر سے بغیر پائیلٹ کے فضائی گاڑیوں (ڈرون) کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لئے حکم جاری کی درخواست کی ہے تاکہ وی وی آئی پیز کی سیکورٹی کو لاحق کسی بھی خدشے کو دور کیا جاسکے ‘‘۔
حکمنامے میں کہا گیا’’لہذاحاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے میں شری کانت بالا صاحب سوسے ضلع مجسٹریٹ کرگل حکم دیتا ہوں کہ۲۴سے۲۶جولائی تک سب ڈویژن دراس کے پورے علاقے کی حدود اور ضلع کرگل کے تحصیل کرگل کو ڈرون اڑانے کیلئے’نو فلائنگ زون‘قرار دیا گیا ہے اور ڈورن رولز ۲۰۲۱کے تحت اس علاقے کو بغیر پائیلاٹ کی فضائی گاڑیاں چلانے کیلئے’رڈ زون‘قرار دیا گیا ہے‘‘۔
حکمنامے کے مطابق اس حکم کا اطلاق سیکورٹی ایجنسیوں بشمول پولیس، نیم فوجی اور ایس پی جی کے ساتھ ساتھ دفاعی فورسز پر نہیں ہوگا۔ہنگامی صورتحال اور وقت کی قلت کے پیش نظر یہ حکم یکطرفہ جاری کیا جا رہا ہے اور عوام کو مخاطب کیا جار ہا ہے ۔
یہ حکم سب ڈویژن دراس اور تحصیل کرگل کے ریونیو حدود میں جاری کیا جائے گا اور محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کرگل کے ذریعے اسے ضلع کی ویب سائٹ پر پرنٹ/ ڈیجیٹل/سوشل میڈیا کے ذریعے اپ لوڈ کیا جائے گا اور اس کی کاپیاں سب ڈویژن دراس اور تحصیل کرگل کے دفاتر اور دوسرے عوامی مقامات پر چسپاں کیا جائے گا‘‘۔
حکمنامے کے مطابق ایس ایس پی کرگل مذکورہ حکم کی تعمیل کے ذمہ دار ہوں گے ۔حکمنامے میں کہا گیا کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بتادیں کہ ۱۹۹۹میں کرگل میں پاکستانی فوج پر ہندوستانی فوج کی فتح کو کرگل وجے دیوس کے طور پر ہر سال منایا جاتا ہے ۔۱۹۹۹میں پاکستانی فوج اور مختلف تنظیموں کے ملی ٹنٹوں نے دراس سے بٹالک تک لائن آف کنٹرول پر کئی چوٹیوں پر قبضہ کیا تھا۔بعد ازاں ہندوستانی فوج نے فضائی فوج کی مدد سے پاکستانی فوج اور در اندزوں کو پیچھے دھکیل دیا تھا اور تین ماہ کی جنگ کے بعد ان چوٹیوں پر واپس اپنا قبضہ جمایا تھا۔