سرینگر//
حکام کا کہنا ہے کہ شمالی ضلع کپوارہ کے ترموکھن جنگلات میں انکائونٹر کے دوران ایک ملی ٹنٹ ہلاک اور ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا ہے جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
حکام نے کہا کہ اس انکائونٹر کے دوران ایک نان کمیشنڈ افسر (این سی او) شدید زخمی ہوا تھا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
بتادیں کہ ترموکھن جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان اس وقت انکائونٹر چھڑ گیا جب وہاں ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن چل رہا تھا۔
قبل ازیں فوج کی چنار کور نے بدھ کی صبح ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے۲۳؍اور۲۴جولائی کو کپوارہ کے کوٹ وال علاقے میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیا‘‘۔
فوج نے کہا کہ۲۴جولائی کو مشتبہ نقل و حمل دیکھی گئی جس کو مستعد جوانوں نے چلینج کیا جس کے جواب میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ طرفین میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک این سی او زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔کپوارہ میں یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب جموں خطے میں ملی ٹنٹ حملوں میں اضافہ درج ہوا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ۲۰جون کو تیسری بار زمام اقتدار سنھبالنے کے بعد جموں خطے میں ملی ٹنٹوں کے حملوں میں۱۱سیکورٹی فورسز اہلکار اور۹یاتری جاں بحق ہوئے ہیں۔
دریں اثنابارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کشمیر کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اشوک یادو نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں اگلے علاقوں کا دورہ کرکے تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
یادو نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور یونٹ کی آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
بی ایس ایف کشمیر نے بدھ کے روز ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’بی ایس ایف کشمیر کے آئی جی اشوک یادو نے بانڈی پورہ کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا‘‘۔
بی ایس ایف نے کہا’’آئی جی نے وہاں تعینات جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور یونٹ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا‘‘۔آئی جی نے لائن آف کنٹرل پر بغیر کسی رکاوٹ کے تسلط کے لئے لگن پر جوانوں کی سراہنا کی۔