نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے عام بجٹ۲۵۔۲۰۲۴کو معاشرے کے ہر طبقے کیلئے بہتر مواقع، نئی توانائی اور روشن مستقبل لانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کو تیسری سب سے بڑی معاشی طاقت بنانے کے عمل میں ایک حوصلہ افزا کے طور پر کام کرے گا اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے آج لوک سبھا میں پیش کیے گئے مالی سال۲۵۔۲۰۲۴کے عام بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہا’’میں اس اہم بجٹ کے لیے تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ‘‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کو تقویت دینے والا ہے ۔ ’’یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو ملک کے گاؤں، غریبوں اور کسانوں کو خوشحالی کی راہ پر لے جائے گا۔ گزشتہ۱۰برسوں میں۲۵کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ یہ بجٹ نئے بننے والے متوسط طبقے کو بااختیار بنانے کے تسلسل کا بجٹ ہے ۔ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو نوجوانوں کو بے شمار نئے مواقع فراہم کرے گا‘‘۔
مودی نے کہا کہ یہ بجٹ تعلیم اور ہنر مندہ کو نئی وسعت دے گا۔ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو متوسط طبقے کو نئی طاقت دے گا۔ یہ قبائلی سماج، دلتوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے مضبوط منصوبے لے کر آیا ہے ۔ اس بجٹ سے خواتین کی معاشی شراکت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ بجٹ چھوٹے تاجروں، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای) کو ترقی کا ایک نیا راستہ فراہم کرے گا۔ بجٹ میں مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔ اس سے معاشی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
وزیر اعظم نے کہا’’روزگار اور خود روزگار کے بے مثال مواقع پیدا کرنا ہماری حکومت کی شناخت رہی ہے ۔ آج کا بجٹ اس کو مزید تقویت دیتا ہے ۔ ملک اور دنیا نے پروڈکٹیوٹی لنکڈ انسینٹیو اسکیم کی کامیابی دیکھی ہے ۔ اب اس بجٹ میں حکومت نے ایمپلائمنٹ لنک انسینٹیو اسکیم کا اعلان کیا ہے ۔ اس سے ملک میں کروڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس اسکیم کے تحت ہماری حکومت زندگی میں پہلی نوکری حاصل کرنے والے نوجوانوں کی پہلی تنخواہ دے گی۔ اسکل ڈیولپمنٹ اور اعلیٰ تعلیم کے لیے مدد ہو یاایک کروڑ نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ اسکیم، اس کے ذریعے میرے گاوں کے اور غریب نوجوان دوست، میرے بیٹے اور بیٹیاں ملک کی اعلیٰ کمپنیوں میں کام کریں گے اور ان کیلئے امکانات کے نئے دروازے کھلیں گے ‘‘۔
مودی نے کہا کہ ہمیں ہر شہر، ہر گاؤں، ہر گھر کاروباری بنانا ہے ۔ اس مقصد کے لیے بغیر گارنٹی کے مدرا قرض کی حد ۱۰لاکھ روپے سے بڑھا کر ۲۰لاکھ روپے کر دی گئی ہے ۔ اس سے چھوٹے تاجروں بالخصوص خواتین، دلت، پسماندہ اور قبائلی کنبوں میں خود کے روزگار کو فروغ ملے گا۔ اس بجٹ میں ایم ایس ایم ای کے لیے آسان قرض بڑھانے کے لیے ایک نئی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ ایکو سسٹم کو ہر ضلع تک لے جانے کے لیے بجٹ میں اہم اعلانات کیے گئے ہیں۔ یہ بجٹ ہمارے اسٹارٹ اپس اور اختراعی ماحولیاتی نظام کے لیے بہت سے نئے مواقع لے کر آیا ہے ۔ اسپیس سنٹرک اکانومی کو فروغ دینے کیلئے ایک ہزارکروڑ روپے کا فنڈ ہو، اینجل ٹیکس ہٹانے کا فیصلہ ہو، اس بجٹ میں کئی ایسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریکارڈ سرمایہ مختص کرنا معیشت کے لیے محرک ثابت ہوگا۔۱۲نئے صنعتی علاقے ، ملک میں نئے سیٹلائٹ شہروں کی ترقی اور۱۴میگا شہروں کے لیے ٹرانزٹ منصوبے ملک میں نئے اقتصادی حب تیار کریں گے اور بڑی تعداد میں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دفاعی برآمدات ریکارڈ سطح پر ہیں۔ دفاعی شعبے کو خود کفیل بنانے کے لیے اس بجٹ میں بہت سی شقیں رکھی گئی ہیں۔ آج پوری دنیا میں ہندوستان کی طرف کشش بڑھ گئی ہے اور ہندوستان میں سیاحت کے میدان میں نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ سیاحت کا شعبہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے بہت سے مواقع لیکر آتا ہے ۔ اس بجٹ میں سیاحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔
مودی نے کہا کہ گزشتہ۱۰برسوں میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو ٹیکسوں سے راحت ملتی رہے ۔ان کاکہنا تھا’’ اس بجٹ میں بھی انکم ٹیکس میں کمی اور معیاری کٹوتی بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹیکس ایٹ سورس (ٹی ڈی ایس) کے قوانین کو بھی آسان بنایا گیا ہے ۔ ان اقدامات سے ہر ٹیکس دہندہ کے لیے اضافی بچت ہونے والی ہے ‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس بجٹ کا ایک بڑا فوکس ملک کے کسان ہیں۔ اناج ذخیرہ کرنے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم کے بعد اب ہم سبزیوں کی پیداوار کا کلسٹر بنانے جا رہے ہیں۔ ’’اس سے چھوٹے کسانوں کو سبزیوں، پھلوں اور دیگر پیداوار کے لیے نئی منڈیاں ملیں گی اور انہیں بہتر قیمتیں ملیں گی۔ ہمارے متوسط طبقے کے لیے پھلوں اور سبزیوں کی دستیابی بڑھے گی اور کنبہ کے لیے غذائیت بھی یقینی ہوگی۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ہندوستان زرعی شعبے میں خود کفیل ہو۔ اس لیے دالوں اور تیل کے بیجوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کی مدد کا اعلان کیا گیا ہے ‘‘۔
مودی نے کہا کہ آج کے بجٹ میں ملک سے غربت کے خاتمے اور غریبوں کو بااختیار بنانے کی سمت میں بڑے اعلانات کیے گئے ہیں۔ غریبوں کے لیے تین کروڑ نئے گھر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قبائلی ترقی گرام ابھیان پانچ کروڑ قبائلی کنبوں کو بنیادی سہولیات سے جوڑے گا۔ اس کے علاوہ گرام سڑک یوجنا کے تحت۲۵ہزار نئے دیہی علاقوں کو ہر موسم کے لیے موزوں سڑکوں سے جوڑا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی کی نئی بلندیوں پر ہندوستان کا عروج مشرقی ہندوستان کی ترقی سے جڑا ہوا ہے ۔ خطے میں ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہم مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں، جس میں جدید شاہراہیں اور تبدیلی پانی اور بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔ ایسا کرنے سے ہم مشرقی ہندوستان کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے ، جس سے پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔